خیبر پختونخوا کے 235 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا ہے، اجمل وزیر

خیبر پختون خوا کے مشیرِ اطلاعات اجمل وزیر کہتے ہیں کے صوبے کے اب تک مجموعی طور پر 235 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا اجمل وزیر ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے کہنے پر خیبر پختون خوا میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمتِ عملی پر تیزی سے کام کیا گیا ہے۔
اجمل وزیر نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
خیبر پختون خوا کے مشیرِ اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کے آغاز پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت 20 تھی، آج ہم روزانہ کی بنیاد پر 3 ہزار 500 ٹیسٹ کر رہے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے کہ مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی ممالک کی فہرست میں پاکستان 13 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے نئے 4 ہزار 44 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس موذی وباء کے ہاتھوں مزید 148 افراد لقمۂ اجل بن گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 92 ہزار 970 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 903 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک میں 1 لاکھ 7ہزار 760 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 81 ہزار 307 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب صوبہ خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار 887 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 869 ہو گئیں۔