خیبرپختونخوا کابینہ کی بجٹ تجاویز کی منظوری

خیبرپختونخوا کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 923 ارب روپے ہے، بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کےلیے 317 ارب روپے سے زیادہ مختص کیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کابینہ کا بجٹ اجلاس وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال کی بجٹ تجاویز کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے بجٹ دستاویزات پر دستخط کر دیے ہیں ، کابینہ کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کریں گے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 923 ارب روپے ہے، بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کےلیے 317 ارب روپے سے زیادہ مختص کیے گئے ہیں
جیو نیوز کو ملنے والی دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کو وفاق سے 477 ارب روپے ملیں گے جبکہ 58 اعشاریہ 2 ارب روپے بجلی کے خالص منافع کی مد میں ملیں گے جس میں 36 ارب روپے کے بقایاجات بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ صوبے کو ٹیکسوں اور نان ٹیکسز کی مد میں 49 ارب روپے کی آمدنی کا بھی تخمینہ لگایا گیا ہے۔
بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 377 ارب 55 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ بجٹ میں صحت کے لیے 24 ارب 38 کروڑ روپے ، سڑکوں کی تعمیر کے لیے 41 ارب 84 کروڑ روپے اور تعلیم کے لیے 30 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
آئندہ مالی سال کا بجٹ 90 ارب روپے خسارے کا ہوگا، بجٹ خسارہ پورا کرنے کےلیے حکومت قرض لے گی۔