پاکستان میں 1800 سے زائد افراد نے کورونا کو شکست دے دی

پاکستان میں آج مزید 5 مریضوں نے کورونا وائرس کو شکست دے دی جس کے بعد ملک میں کورونا سے صحتیاب مریضوں کی کل تعداد 1821 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر 5 مریضوں کے صحتیاب ہونے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا سے صحتیاب مریضوں کی کل تعداد 581 جبکہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1821 ہوگئی۔
اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 1821 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 581 مریضوں کا تعلق سندھ، 192 مریضوں کا تعلق گلگت بلتستان، 20 مریضوں کا تعلق اسلام آباد، 205 مریضوں کا تعلق خیبر پختونخوا ،142 مریضوں کا تعلق بلوچستان اور 672 مریضوں کا تعلق پنجاب سے جبکہ 9 مریضوں کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے جس میں 1،49،884 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 22 لاکھ 19 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔دوسری جانب اس وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
اس مہلک وائرس کے سب سے زیادہ مصدقہ مریض امریکہ میں ہیں جہاں 6 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد 35 ہزار 300 سے تجاوز کرگئی ہے۔