اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف خفیہ ایجنسیوں کو استعمال کریں، وزیر اعظم

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ترین ایکشن ناگزیر ہے۔
ایسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کرکے ان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا ئیں دی جائیں تاکہ ایسی روش کی حوصلہ شکنی ہو‘ اس کی روک تھام کے لئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔
صوبوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مزید موثر بنایا جائے، ٹڈی دل پر قابو پانے اور اس کے خاتمہ کے لئے مکمل تیاری کی جائے، اس سلسلے میں فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسمگلنگ کی روک تھام، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن اور ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے اشیاءکی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کا بوجھ غریب عوام برداشت کرتے ہیں۔
اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی نشاندہی اور اس کی روک تھام کے لئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔
متعلقہ محکمے اپنے دیانتدار اور فرض شناس افسران کو ایسی جگہوں پر تعینات کریں جہاں اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کا خدشہ ہو۔