کورونا سے مزید 11 اموات، تعداد 117، مجموعی کیسز 6300، صحت یاب 1446

پاکستان میں کورونا وائرس سے بدھ کو مزید 11؍اموات ہوئیں جسکے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 117؍ ہوگئی جبکہ 316؍ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 6300 تک پہنچ گئی۔

ملک بھر میں صحت یاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1446؍ ہوگئی۔ ملک میں ہونے والی 117 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں 42 جبکہ 41 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔ بدھ کو سندھ میں 150 کیسز 6 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 47 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب 71، بلوچستان 33، اسلام آباد 9 ، گلگت بلتستان 3 اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 150 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 1668 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 41 ہوگئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 133 افراد صحت یاب ہوئے جسکے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 560 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا سندھ بھر میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئےجن میں سےپانچ کا تعلق کراچی اور ایک کا سکھر سے تھا جس کے بعد سندھ میں ہلاکتوں کی تعداد 41ہوگئی ہے ۔

کراچی میں 94 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، حیدرآباد میں 20 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، شہید بے نظیر آباد میں 28، نوشیرو فیروز میں 7 اور سکھر میں ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہوا۔

سندھ بھر میں کورونا وائرس کے 1 ہزار 668 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 ہزار 97 ہے۔

سندھ بھر میں 1067 مریض زیر علاج ہیں، کراچی میں 879، حیدرآباد میں 85، جامشورو میں 2، بدین میں 1، شہید بے نظیر آباد میں 36، نوشہرو فیروز میں 11، سجاول اور سانگھڑ میں دو دو، ٹنڈو محمد خان میں 12، گھوٹکی اور سکھر میں دو دو، خیرپور میں 14، لاڑکانہ میں 17، دادو اور جیکب آباد میں ایک ایک مریض زیر علاج ہے۔

پنجاب میں بدھ کو کورونا وائرس کے مزید 71 کیسز سامنے آئے ہیں جسکے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 3016 ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتیں 28 ہوئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 701 زائرین، 1091 تبلیغی ارکان، 91 قیدی اور 1133 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا سے 508 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں