کچھ ممالک میں بے چینی اور مظاہروں کا خطرہ ہے، آئی ایم ایف

واشنگٹن (اے ایف پی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل دنیا کے مختلف ملکوں میں مظاہروں اور سماجی بے چینی کا سبب بن سکتے ہیں اور حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بے چینی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں۔
آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ کچھ ممالک میں بے چینی پھیلنے کا خطرہ ہے اور ان میں مظاہرے ہو سکتے ہیں خصوصاً اس وقت جب کورونا کے بحران سے نمٹنے کیلئے اختیار کی جانے والی پالیسی کو ناکافی سمجھا گیا یا عوام کی بجائے غیر منصفانہ انداز سے بڑے اداروں یا لوگوں کے مفادات کا خیال رکھا گیا۔
جنوبی افریقہ میں پہلے ہی پولیس نے کیپ ٹائون شہر میں مشتعل مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں برسائیں اور آنسو گیس فائر کی۔ یہ افراد کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے خوراک اور امداد کی عدم فراہمی پر احتجاج کر رہے تھے۔