ترقی پذیر ممالک قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے کورونا سے شدید متاثر ہوں گے،وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ممالک تنگ دستی اور قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوں گے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے قرضوں میں ریلیف کے لیے عالمی اقدامات کی اپیل کے حوالے سے جرمن چانسلر اینجلا مرکل سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے زور دیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر صحت اور معیشت میں غیر معمولی بحران پیدا ہوا ہے اور ترقی پذیر ممالک تنگ دستی اور قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے اس سے شدید متاثر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لوگوں کو کورونا وائرس سے یا بھوک سے موت کے مشکل انتخاب کا سامنا ہے۔

وزیر اعظم نے جرمن چانسلر کو آگاہ کیا کہ کووڈ-19 کے چیلنج سے نمٹنے میں ترقی پذیر ممالک کی قابلیت کا انحصار فوری طور پر اور بغیر کسی شرط کے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کی فراہمی پر ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے علاوہ جرمنی جیسے ممالک جی-20 ممالک کے وزرائے خزانہ کے اجلاس، بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں اس مسئلے کو اجاگر کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں