14 اپریل کے بعد کورونا پر اقدامات کیلئے سفارشات تیار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 14 اپریل کے بعد کورونا کے پیشِ نظر اقدامات کی سفارشات تیار کرلیں، جس کا حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔
وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں این سی سی میں پیش کی جانے والی بریفنگ پر مشاورت کی گئی اور قومی رابطہ کمیٹی سے حتمی فیصلے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل بھی دی گئی۔
اجلاس میں صنعتوں کو مرحلہ وار کھولنے کے لیے گائیڈ لائنز تیار کر لی گئیں، مالکان ان گائیڈ لائنز پر عمل کرانے کے پابند ہوں گے ۔
رمضان المبارک میں عبادات سے متعلق گائیڈ لائنز علماء کے ساتھ مشاورت سے تیار ہوں گی، اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ سمیت تمام صوبوں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ رمضان بازار اور جمعہ بازار کے انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ داخلہ کو علماء سے مشاورت کی ذمے داری سونپی جائے گی۔