ایکسپو سینٹر کراچی میں 1200 بستروں کے فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کا افتتاح

ایکسپو سینٹر کراچی میں 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کا افتتاح والنٹریز سے کرایا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ اور کورکمانڈر کراچی بھی موجود تھے۔گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کورونا وائرس کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل، کور کمانڈر کراچی اور وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کا دورہ کیااور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
ضروری ادویات و آلات کی دستیابی کو سراہتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ایکسپو سینٹر کے لیے فنڈز کی دستیابی، ادویات کی فراہمی اور آر او پلانٹ کی تنصیب میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ سینٹر عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے تجویز کردہ حفاظتی اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔