اسپیکر قومی اسمبلی نے کورونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل کو طلب کرلیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت کورونا وائرس پرپارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل کو دوپہر 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر25 رکنی پارلیمانی کمیٹی کی صدارت کریں گے، اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیرتجارت رزاق داؤد بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں مشیران ملکی معیشت اور تجارت پر اثرات اور معیشت کے بحالی پلان پر بریفنگ دیں گے جبکہ ڈاکٹر ظفر مرزا اور این ڈی ایم اے کے چیرمین بھی پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی شریک ہوں گے پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس سے متعلق مانیٹرنگ کیلئے قائم کی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے معیشت پرمنفی اثرات کا جائرہ بھی کمیٹی کے دائرہ اختیار میں شامل ہے، پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 12اور سینیٹ سے 13 پارلیمانی لیڈرز شامل ہیں۔