کمشنر ملاکنڈ کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیازاورصوبائی وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور وقتاً فوقتاً حالات کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کیلئے انتظامی مشینری کو پالیسی احکامات جاری کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سمیت ہمارے ملک میں اس وباء سے نمٹنے کیلئے تمام ممالک کی تجربات سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے .اور معاشرے میں جلد از جلد نارمل لائف لانے کیلئے پرامید ہے.
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیدو شریف سوات میں کمشنر ملاکنڈ کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا اجلاس میں صوبائی وزراء محب اللہ خان، ڈاکٹر امجد علی، جی او سی ملاکنڈ میجر جنرل اعجاز مرزا،بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر نسیم انور، ڈیڈیک چیئرمین سوات فضل حکیم خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود، ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم اور دوسرے ذمہ داروں نے شرکت کی کمشنر ملاکنڈ نے اجلاس کو ملاکنڈ ڈویژن کے تمام 9 اضلاع کے بارے میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال، انتظامی اور صحت سمیت دوسرے محکموں کی تیاریوں اور حالات سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی سمیت دستیاب وسائل، عوام کو درپیش مسائل اور روزانہ کی بنیاد پر عملی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر جی او سی میجر جنرل اعجاز مرزانے پاک آرمی کی طرف سے سول انتظامیہ کو فراہم کرنے والی خدمات اور عوامی سہولیات سے متعلق اپنی تیاریوں سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا.
اجلاس میں مختلف اقدامات، چیلنجز اور مزید سہولیات کی فراہمی سے متعلق منصوبہ بندی پر تفصیلی غور اور تبادلہ خیال ہوا اور بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے وزیر صحت نے اجلاس کو بتایا کہ صوبائی حکومت محکمہ صحت اور ان کی تمام اہلکاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل اقدامات کررہی ہے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے لیبارٹریوں کے قیام کیلئے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کی جدید تربیت اور ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنانے کیلئے دن رات کوششیں کررہے ہیں اجلاس میں ملک کے دوسرے علاقوں میں کام کرنے والے ملاکنڈ ڈویژن کے افراد کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی سطح پر پالیسی میں مختلف علاقوں کے معروضی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو فیصلے کرنے کا اختیار دیا جائیگا تاکہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں وقت ضائع نہ ہو چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ منگل کے دن وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی صدارت میں ایک غیر معمولی اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا جس میں کورونا وائرس کی روک تھام اور معاشرتی زندگی کو محفوظ بنانے سمیت صوبے میں ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات سے متعلق اہم فیصلے ہونگے.
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامی سطح پر مسلسل اقدامات اٹھارہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار حالات سے بچنے کیلئے صوبے کی مشینری دن رات کام کررہی ہے صوبائی وزراء اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ملاکنڈ ڈویژن میں انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس میں پیش کردہ تجاویز اور صوبائی حکومت سے مزید امداد کیلئے پیش کردہ اپیلوں سے متعلق جلد از جلد عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی بعد ازیں صوبائی وزراء اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سوات میں قائم مختلف قرنطینہ مراکز، آئسولیشن وارڈز اور دوسرے انتظامات کا دورہ کیا اور وہاں پر کئے گئے اقدامات پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد اسے تسلی بخش قرار دیا صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ریڈیو پختونخوا ایم ایف 98 سوات کی خصوصی نشریات ”ریڈیو کلینک“ کو سراہتے ہوئے اسی پروگرام کو صوبے کے دوسرے ریڈیو سٹیشنوں سے شروع کرنے کے بھی یقین دہانی کی اور کہا کہ چیف منسٹر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت منعقد ہونے والی اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس اقدام پر خصوصی بریفنگ دینگے قبل ازیں صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ضلع بونیر کا بھی دورہ کیا جہاں پر ڈپٹی کمشنر بونیر محمد خالد نے انہیں ضلع بونیر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے ضلع بونیر میں قائم سرکاری ہسپتالوں اور دوسرے عمارتوں میں ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات اور اقدامات سے انہیں آگاہ کیا اس موقع پر دوسروں کے علاوہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی ریاض خان، ڈیڈیک چیئرمین سید فخر جہاں، ڈی پی او بونیر سہیل خالد، ڈی ایچ او بونیراور پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل معراج بھی موجود تھے۔