بجلی گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے بجلی، گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے، یکساں نصاب کے نفاذ، احساس پروگرام میں پارلیمنٹرینز کی شمولیت، آڈٹ اوورسائٹ بورڈ کے دوممبران اور ایگزم بنک آف پاکستان کے بورڈ ممبران کی تعیناتی، سردار اختر مینگل، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی اور دیامر بھاشا ڈیم کی حفاظت مامورواپڈا سیکورٹی فورس کے لئے ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس کے اجراء کی منظوری دیدی۔
صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کے تحفظ کا بل بھی منظورکرلیاگیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں اتفاق کیا گیاکہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کو چیلنج ہونا چاہئے۔
کابینہ میں اتفاق کیا گیاکہ مریم نواز کو بیرون ملک نہیں جانے دیا جانے گا‘وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ لگتا نہیں کہ نواز شریف بیمار ہے۔
منگل کو وزیرِ اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیاکوبریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم نے کرونا وائرس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللّٰه ابھی تک پاکستان کرونا وائرس سے محفوظ ہے۔
احساس پروگرام معاشرے کے سب سے کمزور طبقے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کمزور طبقوں کی معاونت کرنا اللّٰه کا حکم اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ نے ”پاکستان نیشنل ایجوکیشن پلان 2020“ کی بھی منظوری دی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ پانچویں گریڈ تک کا نصاب تیار کر لیا گیا ہے جسے نیشنل نصاب کونسل کو منظوری کے لئے بھجوا دیا گیا ہے۔ چھٹی سے آٹھویں جماعت کا نصاب مارچ 2021 تک تیار کر لیا جائے گا۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ مارچ 2021 تک ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں پرائمری کی سطح تک ایک ہی نصاب ہوگا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے نیشنل سکیورٹی ڈویژن کی ذمہ داریوں کے حوالے سے رولز آف بزنس کی متعلقہ شقوں میں بعض ترامیم کی منظوری دی۔
اجلاس میں بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے اطراف میں کابینہ کی ہدایات کی روشنی میں کثیر المنزلہ تعمیرات کی اونچائی کی حد کا تعین کرنے کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے سید محمد مہر علی شاہ کی بطورپاکستان کمشنر برائے انڈس واٹرز مدت ملازمت میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے سکند خان، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی بطور جج اسپیشل کورٹ (کنٹرول آف نارکاٹیک سبسٹانس) اسلام آباد تعیناتی کی منظوری دی۔