ریکوڈک کے سونے سے قرضے اتاریں گے، عمران خان

خوفزدہ ہونے والوں نے کبھی بڑا کام نہیں کیا، میڈیا مجھے کچھ بھی کہے، عزت، ذلت دینے والا اللّٰه ہے، تجربات سے سیکھ کرآگے بڑھا جاتا ہے،
اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا پر آکر لوگ عمران خان کو کچھ بھی کہیں، عزت اورذلت دینے والا اللّٰه ہے، نوجوانوں سے کہتا ہوں تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، ایسی نوکریاں صلاحیتوں کو تباہ اور انسان کو سہل پسند بنا دیتی ہیں، جدوجہد ختم ہوجائے تو آپکی زندگی ختم ہوجاتی ہے، آسان راستہ تباہی ہے،خوفزدہ ہونے والوں نے کبھی بڑا کام نہیں کیا۔
تجربات سے سیکھ کر اور کشتیاں جلا کر ہی آگے بڑھا جاتا ہے، انشاء ﷲ پاکستان پورے خطہ کی قیادت کریگا، کرپشن اور مافیازسے تنگ عوام تحریک انصاف کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے، مشکل ترین حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی، ہمارا مقابلہ مافیا سے جو تبدیلی اور بہتری کی راہ میں رکاوٹ ہے، مزید6ماہ مشکل ہیں، بلوچستان میں سو نے اور تانبے کے ریکوڈک منصوبے پر ماہرین تیزی سے کام کر رہے ہیں،وہاں سے جو سونے کے ذخائر نکلیں گے اس سے غیر ملکی قرضے اتاریں گے۔
گیس اور تیل کے مزید ذخائر دریافت کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے،مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تیزی سے اقدامات کیے جارہے ہیں، بے آسرا اور محرومیوں کا شکار بچے ریاست کی ذمہ داری ہیں، پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو نیشنل انکیوبیشن سینٹر اسٹارٹ اپس کی تقریب سے خطاب، گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات اور کوکا کولا آئیسک پاکستان کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللّٰه نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور ہمارے پاس سونے، تانبے کے ذخائر ہیں، ہماری زمین بہت زرخیز ہے، اسے ملک و قوم کے بہتر مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔نوجوان ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں، ان کو مواقع کی فراہمی ضروری ہے،آئی ٹی کے شعبہ کی مکمل طور پر سرپرستی کرینگے، جو ناکام ہونے سے ڈرتا ہے وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا
آج کے دور میں سب سے بڑا ظلم ذہنی غلامی ہے، ناکامی کا خوف انسان کو بزدل بنا دیتا ہے، میڈیا پر آکر لوگ عمران خان کو کچھ بھی کہیں لیکن کوئی انسان آپ کوذلیل نہیں کرسکتا کیوں کہ عزت اور رزق اللّٰه کے ہاتھ میں ہے۔
دریں اثناءوزیر اعظم سے گوجرانوالا سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز نے بدھ کو یہاں وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاہے کہ کرپشن اور مافیا زسے تنگ عوام تحریک انصاف کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے،تحریک انصاف نے مشکل ترین حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی۔
ہمارا مقابلہ مافیا سے ہے جو ہر شعبے میں تبدیلی اور عوام کی بہتری کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہا ہے، انشاء اللّٰه حکومتی کوششوں کے نتیجے میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔
مشکل حالات کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے سبسڈی دینے کے باوجود قیمتیں کم نہ ہونے کا نوٹس لیا ہے۔
علاوہ ازیں عمران خان سے کوکا کولا آئیسک پاکستان کے جنرل منیجر احمد کرساد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کوکاکولا کمپنی کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرے گی جبکہ حکومتی کاوشوں سے پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش منزل بن گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان لامحدود مواقع کی سرزمین ہے اور یہاں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم سے کوکا کولا آئیسک پاکستان کے جنرل منیجر احمد کرساد نے ملاقات کی۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کوکاکولا کمپنی کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرے گی جبکہ حکومتی کاوشوں سے پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش منزل بن گیا ہے۔
پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترک صدر کا دورہ موجودہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔
جنرل منیجر کوکاکولا احمد کرساد نے وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی سی آئی کے پاکستان میں چھ پلانٹس اور تین ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں جبکہ کمپنی پاکستان میں 20 کروڑ 80 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی آئی نے کوکا کولا کمپنی کے ساتھ مل کر گزشتہ چند سالوں میں پاکستان میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
جنرل منیجر سی سی آئی نے موجودہ سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز سیکرٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخوا محمد ادریس اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد سے ملاقات کی جس میں بچوں کے حقوق کےتحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، مستقبل کے معماروں پر سرمایہ کاری اور ان کی بہتر نشوونما سے ہی ملک و قوم کی پائیدارترقی ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بے آسرا اور محرومیوں کا شکار بچے ریاست کی ذمہ داری ہیں، انکے تحفظ اور تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی جائے ،انہوں نے ہدایت دی کہ بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے اور ان کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا جائے۔