وقت آگیا پرویز الٰہی جسے امانت کہتے ہیں وہ راز عوام کو بتادیں، فضل الرحمٰن

لاہور(نمائندہ جنگ)جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولا نا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ بڑی جماعتوں کی پالیسیوں سے اپوزیشن تقسیم ہوکر رہ گئی جبکہ اس بات کا حکومت کو فائدہ ہوا ہے۔

پرویز الٰہی جسے امانت کہتے ہیں وہ راز عوم کو بتادیں، تین استعفے، تین ماہ میں انتخابات کے وعدہ پر دھرنا ختم کرایا گیا،چوہدری برادران کی بات نہیں سنی جارہی، اختلافات نظرآرہے ہیں،جے یو آئی سربراہ نے حکومت مخالف مظاہروں کیلئے نئے مرحلے کا اعلان کردیا۔

اتوار کو لاہور میں وفد کے ہمراہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مولا نا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت گھر جا چکی ہے، اس وقت خلا ہے، حکومت کی کوئی رٹ نہیں، عوام کی مایوسی کو ختم کرنے کا وقت آگیا،مہنگائی کی وجہ سے غریب راشن اورسبزی خریدنے کے قابل نہیں رہے۔

مولا نا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بڑی جماعتوں کی بعض پالیسیوں کے باعث اپوزیشن تقسیم ہوئی، جس کا فائدہ حکومت کو ہوا۔ اس وقت تک پاکستان پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ ہماری تحریک کا حصہ نہیں ہیں،اگر آناچاہیں توخوش آمدیدکہیں گے لیکن خود انہیں دعوت نہیں دیں گے۔

آزاد ی مارچ کے نتائج حاصل ہونے میں تاخیر میں ان سیاسی فیصلوں کا بڑا عمل دخل ہے جو بڑی جماعتوں کے ہاتھوں سرزد ہوئے ہیں ،حکومت گھر جاچکی ہے اور اس وقت کوئی حکومت نہیں ،اس وقت کچھ اور قوتوں کی رٹ ہے۔

ہماری تحریک کا نتیجہ ہے کہ حکومت کے اتحاد میں دراڑیں پڑ چکی ہیں جو ہمارے مقصد کی جانب پیشرفت کی علامت ہے ، چوہدر ی برادران سے کہوں گا ان کے پاس میرے حوالے سے جوامانت ہے اس کو واشگاف کردیں،مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی ہمارے ساتھ آناچاہیں تو خوش آمدیدکہیں گے لیکن خود انہیں دعوت نہیں دیں گے۔

انہوں نے رابطہ کیا تو بات ہوگی کیونکہ ہم نے دروازے بند نہیں کئے،23فروری کو کراچی میں جلسہ عام، یکم مارچ کو قومی کانفرنس ،19مارچ کو لاہور میں آزادی مارچ کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں