کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 259 ہوگئی، 12 ہزار متاثر

ووہان ، کینبرا، ماسکو،واشنگٹن(جنگ نیوز) چینی شہر ووہان سے تیزی کیساتھ پھیلنے والا جان لیوا کورونا وائرس 27ممالک میں پھیل گیا، چین میں مزید 46 افراد ہلاک ، جس کے بعد تعداد259ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد12 ہزار کے قریب پہنچ گئی جن میں سے 1800 کی حالت تشویشناک ہے۔
چین میں مختلف شہروں میں تقریباً 6کروڑ افرادلاک ڈائون میں ہیں جبکہ سائنسدان کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی کوششوں میں ہیں، کورونا وائرس کے باعث چین نے 14 صوبوں میں فروری کے دوسرے ہفتے تک چھٹیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن صوبوں میں چھٹیاں دی گئی ہیں وہ چین کی معیشت میں 70 فیصد کے قریب حصہ ڈالتے ہیں۔
میساچوسٹس میں بھی وائرس پہنچ گیا جس کےبعد امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہوگئی، روس میں وائرس پہنچنے پر ماسکو حکومت نے چینی شہریوں کیلئے فری سیاحتی اور ورک ویزوں کے اجرا پر پابندی عائد کردی ہے، آسٹریلیا نے بھی چین سے سفر کرنے والے غیر ملکیوں کی ملک میں آمد پر پابندی عائد کردی ہے۔
دوسری طرف ہانگ کانگ کے ماہرین نےدعویٰ کیاہےکہ انہوں نےکورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین بنا لی ہے، تاہم نتائج کا جائزہ لینے کے لیے ابھی کافی وقت درکار ہے۔