کورونا وائرس کے خدشات، سی پیک پروجیکٹس متاثر ہونے کا خدشہ، ورکرز کمپاؤنڈ تک محدود

کراچی پاکستان میں نئے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے کچھ پروجیکٹس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ گو کہ پاکستان میں مذکورہ وائرس سے کسی ایک کیس کی بھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
بیجنگ میں صحت سے متعلق حکام کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 200تک پہنچ گئی ہے جب کہ جنوبی ایشیا میں بھارت اور نیپال سمیت درجن بھر ممالک میں کورونا وائرس کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام نے پاکستان سے چین کے لئے پروازیں روک دینے کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے شبہے میں71چینی انجینئروں کی اسکریننگ ہو رہی ہے۔
ایک اطلاع کے مطابق لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔ چینی ورکرز کو تین دنوں تک اپنے کمپائونڈز تک محدود رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔
اورنج لائن منصوبے کے جنرل منیجر عذیر شاہ کے مطابق پروجیکٹ پر کام عارضی طور پر روکا گیا ہے۔ لاہور سیف سٹی پروجیکٹ کے چینی کارکنوں کو حفاظتی طور پر اپنے کمپائونڈز تک محدود کرنے کے علاوہ چینی قونصل خانہ لاہور میں تمام اجلاس منسوخ کر دیئے ہیں۔
دی نیوز کے مطابق چین سے پاکستان آنے والے باشندوں کو دو ہفتوں تک اپنے گھروں میں محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چین میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان نے اس ہلاکت خیز وائرس سے نمٹنے میں چین کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
چین میں پاکستانی باشندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر پاکستان نے چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان میں ہوا بازی کے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالستار کھوکھر نے پاکستان سے چین کے لئے پروازیں روک دینے کی تصدیق کی ہے۔