پاکستان اقتصادی طور پر مستحکم ہوگیا، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی صورت حال مستحکم ہوگئی، حکومت کا اگلا ہدف مہنگائی پر قابو پا کر ملکی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر 75 فیصد قابو پا لیا ہے، اپوزیشن خوف زدہ ہے کہ اگر حکومت کامیاب ہوگئی تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، آر ایس ایس کا نظریہ یہ ہے کہ بھارت صرف ہندؤوں کا ہے، بھارت میں 20 کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت نسل پرستانہ نظریات پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاملات کے مستقل حل کی ضرورت ہے، پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ایران امریکا تناؤ میں کمی ہوئی، پاکستان مسلم ممالک کے تنازعات کے حل کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔
انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ترکی کے ساتھ ریاستی سطح پر مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، ترکی کو سی پیک میں بھی شمولیت کی دعوت دی ہے۔