خیبر پختون خوا کابینہ سے 3 وزراء فارغ

خیبر پختون خوا کے 3 وزراء کابینہ سے فارغ کر دیئے گئے۔
خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فارغ کیے جانے والے وزاراء میں شہرام ترکئی، عاطف خان اور شکیل احمد شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہرام ترکئی وزیرِ صحت، عاطف خان سینئر وزیرِ کھیل، ثقافت اور سیاحت جبکہ شکیل احمد وزیرِ ریونیو اور اسٹیٹ تھے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے تینوں صوبائی وزراء کو ڈی نوٹیفائی کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تینوں وزراء پریشر گروپ کے کرتا دھرتا تھے۔
وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا سے تین وزراء کو فارغ کیا گیا ہے۔
نہوں نے مزید کہا ہے کہ فارغ کیے گئے ان تینوں میں ایک وزیر وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے۔
شوکت یوسف زئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ گروپ بندی پر اگر پارٹی خاموش رہتی ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
خیبر پختون خوا کے 3 وزراء کو ہٹائے جانے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حیات آباد اجلاس اور اسلام آباد کی خفیہ سرگرمیوں پر تینوں وزراء کی پارٹی سے ناراضی بڑھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حیات آباد اجلاس جمعے کو شہرام ترکئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں 8 ارکینِ اسمبلی نے شرکت کی تھی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حیات آباد اجلاس کا ایجنڈا حکومتی کرپشن اور وزیرِ اعلیٰ کا میڈیا ٹرائل تھا، جمعے کو ہونے والے اس اجلاس کی 5 وزراء سمیت 40 ارکانِ اسمبلی کو دعوت دی گئی تھی۔