وادیٔ نیلم: تودے گرنے سے ہلاکتیں 73 ہو گئیں

آزاد کشمیر کی وادیٔ نیلم میں برفانی تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی، متعدد افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

تودہ گرنے سے 22 دکانیں اور 91 مکان مکمل تباہ ہو گئے، 107 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
ریاست آزاد کشمیر کی حکومت نے فوجی ہیلی کاپٹرز سے امدادی سامان متاثرہ علاقے میں پہنچا دیا ہے۔

پاک فوج اور سول انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان مظفرآباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے سی ایم ایچ میں زخمیوں اور متاثرین کی عیادت کی۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ایس ڈی ایم اے کے مطابق وادیٔ نیلم کے برفانی تودے کے نیچے دب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 73 ہو گئی ہے۔

نیلم ویلی میں برفانی تودے گرنے سے 22 دکانیں اور 107 مکانات جزوی اور 91 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

ادھر گلگت بلتستان میں پھر برف باری شروع ہو گئی، استور اور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں دوبارہ برف پڑنے سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق برف باری آج شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں