پنجاب: گزشتہ سال 90 ہزار لوگوں کو کتوں نے کاٹا

پنجاب کے 36 اضلاع میں ایک سال کے دوران 90 ہزار لوگ آوارہ کتوں کے کاٹے کا شکار ہوئے۔
صرف لاہور میں 6 ہزار افراد نے ویکسی نیشن کرائی، رواں ماہ کے پہلے 2 ہفتوں میں بھی ایک ہزار افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں آوارہ کتوں کا راج ہے، جس کی وجہ سے شہری پریشان ہو کر رہ گئے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ سال کے دوران تقریباً 90 ہزار افراد کو کتوں نے کاٹا جبکہ صرف لاہور میں 6 ہزار افراد نے اینٹی ریبیز ویکسی نیشن کرائی۔
سرکاری حکام کے مطابق صوبے میں صرف ایک ڈاگ بائیٹ ویکسی نیشن سینٹر ہے جو لاہور میں برڈوڈ روڈ پر واقع ہے، صوبے بھر سے کتے کے کاٹے کے شکار افراد کو ویکسی نیشن کے لیے اسی سینٹر میں لایا جاتا ہے۔
شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے عدم تخفظ کا شکار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اضلاع کی انتظامیہ اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کا خاتمہ اور متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔