شاہد آفریدی نے بیٹی کی کس حرکت پر ٹی وی توڑا ؟

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کے بھارتی ڈراموں کی تقلید کرنے پر غصے میں آ کر ٹی وی ہی توڑ دیا تھا۔
پاکستان کے بوم بوم آفریدی کی برق رفتار بلے بازی اور غصے سے ہر کوئی واقف ہے، اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہد آفریدی نے اپنے غصے سے متعلق سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ وہ غصے میں ایک بار ٹی وی توڑ چکے ہیں۔
شاہد آفریدی نے تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن ان کی بیٹی ٹی وی کے سامنے کھڑی بھارتی چینل دیکھ رہی تھی اور ساتھ ہی بھارتی مذہبی رسم ’آرتی‘ اتارنے کی نقل کر رہی تھی، انہیں اس بات پر بے حد غصہ آیا اور انہوں نے غصے میں ٹی وی کو کُہنی مار کر دیوار کے اندر ہی دھنسا دیا۔
شاہد خان آفریدی نے بتایا کہ جب پاکستانی چینلز پر بھارتی ڈرامے نشر کیے جاتے تھے تو ان کی بیگم وہ ڈرامے دیکھا کرتی تھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اہلیہ بہت کم ٹی وی دیکھتی ہیں مگر کبھی کبھار بھارتی ڈرامے بھی دیکھتی تھیں، انہوں نے اپنی اہلیہ کو ہدایت کی کہ وہ چاہیں تو بھارتی ڈرامے اکیلے میں دیکھ لیا کریں مگر بچیوں کو نہ دیکھنے دیا کریں۔