انسدادی آئس مہم کے حوالے سے وومن یونیورسٹی مردان میں آگاہی سمینار کا انعقاد

ڈی پی او مردان کی جانب سے جاری انسدادی آئس مہم کے حوالے سے وومن یونیورسٹی مردان میں آگاہی سمینار کا انعقاد کیا گیا۔
نوجوان نسل اور طلباء کو منشیات بالخصوص آئس کی وباء سے بچاکر ان کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔
مردان پولیس منشیات بالخصوص آئس کے سوداگروں کے قلع قمع کیلئے سرگرم عمل اور معاشرے کو منشیات کی وباء سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ضلعی پولیس سربراہ سجاد خان کاشرکاء سے خطاب
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او مردان کی جانب سے جاری انسدادی آئس مہم کے حوالے سے وومن یونیورسٹی مردان میں آگاہی سمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں مہمان خصوصی ضلعی پولیس سربراہ سجاد خان و دیگر پولیس افسران سمیت وائس چانسلر یونیورسٹی، فیکلٹی ممبرز، اساتذہ کرام اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی،منعقدہ سمینار میں طلباء کو آئس کے نقصانات کے بارے میں ملٹی میڈیا پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے شرکاء سے خطاب کے دوران ڈی پی او سجاد خان نے کہا کہ آئس جیسے مہلک نشے کی انسدادکے حوالے سے آگاہی مہم دور حاضرکا اہم تقاضا ہے، خصوصاً طلباء و طالبات کو منشیات بالخصوص آئس کی وباء سے بچاکر ان کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ آئس کے سوداگروں کے قلع قمع کیلئے سرگرم عمل اور معاشرے کو منشیات کی وباء سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مردان پولیس آئس کے سمگلروں اور اس کے فروخت کرنے کے خلاف بھر پورکاروائیاں کرتے ہوئے بین الااقوامی گینگ کے متعدد آئس سمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے جن سے بھاری مقدار میں آئس برآمد کیا گیا ہے جبکہ سال 2019کے دوران مردان پولیس پورے صوبے میں آئس، لینڈ مافیا اور سود انڈر پلے کے خلاف عمل میں لائی گئی کاروائیوں کے دوران اول پوزیشن پرہے۔ اس حوالے سے والدین اور اساتذہ کو نوجوان نسل کی مستقبل کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا قومی فریضہ سرانجام دینا ہوگا۔مردان پولیس کی جانب سے منشیات اور آئس کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم کا مقصدمنشیات کے اقسام و نقصانات اور اس سے بچاؤ کے بارے میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کو آگاہ کرنا اور اس سے اجتناب کر کے معاشرے کے ہر فرد کو ممانعت کی تلقین دینا ہے ، اس موقع پر سوال و جواب کے دوران یونیورسٹی کے طالبات اور فیکلٹی ممبرنے ڈی پی او سجاد خان کی جانب سے منشیات کے خلاف تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کوخراج تحسین پیش کیا اور اس مہم کو طلباء کی بہتر مستقبل کیلئے مفید اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس لعنت کے خاتمے کیلئے پولیس کیساتھ ہر قسم کی تعاون کا عزم کیا۔