اے این پی کے 2 مزید قافلے اسلام آباد پہنچ گئے

آزادی مارچ میں شرکت کے لیے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے دو بڑے قافلے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اے این پی کے دو بڑے قافلے موٹر وے سے اسلام آباد کی حدود میں داخل ہو چکے ہیں۔
اے این پی کا ایک قافلہ پارٹی رہنما حاجی ہدایت اللہ کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا جبکہ دوسرا قافلہ سربراہ عوامی نیشنل پارٹی اسفند یار ولی کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا تھا۔
اسفند یار ولی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جلسے کا فیصلہ رہبر کمیٹی نے کیا تھا، جلسے کے لیے کوئی پہنچے یا نہ پہنچے مگر اے این پی اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔
سربراہ اے این پی اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی نے جلسے کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ طے کی تھی، تحریکوں میں جو فیصلے ایک بار ہوجائیں وہ تبدیل نہیں ہوتے، حزب اختلاف میں کوئی دراڑ نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ ہمارا رہبر کمیٹی کے کسی ممبر سے رابطہ نہیں ہوا، تاہم رہبر کمیٹی کا آخری فیصلہ آج کے جلسے کا تھا۔
اسفند یار ولی نے کہا کہ ہمارے ساتھ آج کی تاریخ مقرر کی تھی کہ آج جلسہ ہوگا کوئی پہنچے یا نہ پہنچے، اے این پی پہنچ گئی ہے۔
سربرا ہ اے این پی نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے بندے کافی ہیں ہم اپنا جلسہ کرلیں گے اپوزیشن متحد ہے، مگر ہم نے آج اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا ہے۔
اسفند یار ولی نے کہا کہ میں پشاور سے آیا ہوں اور اکرم خان درانی ڈی آئی خان سے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے پروگرام دیا تھا کہ آج کے دن جلسہ ہوگا، ہم حکم کے پابند ہیں، ہم تحریکوں سے واقف ہیں جو فیصلے ایک بار ہوجائیں وہ تبدیل نہیں ہوتے۔
اسفند یار ولی نے مزید کہا کہ حزب اختلاف میں کوئی کشمکش یا گڑبڑ نہیں ہے یہ وقت کی بات ہے، کوئی آگے کوئی پیچھے آتا ہے۔