آزادی مارچ31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہوگا ، فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں بڑا جلسہ ہوگا، 31 اکتوبر کو شیڈول کے مطابق آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا، اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں کہ موجودہ حکمرانوں کو حق حکمرانی حاصل نہیں۔
سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کوآزادی مارچ سے امید ہے، تمام طبقات اس آزادی مارچ میں شرکت کررہے ہیں،حکومت کہہ رہی ہے راستے بند نہیں کرینگے، لیکن خفیہ طورپر دھمکیاں دی جاری ہیں، لوگ پیدل آئیں گے ، خچروں پر آئیں گے، آزادی مارچ ہوکر رہے گاایسے وقت میں پوری قوت کےساتھ قوم کو سہارا دینا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نےمذاکراتی کمیٹی بنائی ہے،رہبر کمیٹی نے مذاکرات سےانکارنہیں کیا،کل رہبر کمیٹی حکومتی کمیٹی سے ملاقات کرے گی، رہبر کمیٹی کےفیصلے کی روشنی میں لائحہ عمل بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ میں کمیٹی بنائی گئی تھی ، اس کمیٹی کے ٹی او آرز تک نہیں بنائے گئے ، اُس وقت حکومتی کمیٹی کےسربراہ پرویزخٹک تھے،اب کیا ہوگا،اندازہ لگایاجاسکتاہے۔
مولانافضل الرحمان نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا سودا کرکے ملک کو ایک امتحان میں ڈال دیا گیا ہے،27اکتوبر کو پورے ملک میں جےیو آئی کشمیریوں سےاظہاریکجہتی میں شریک ہوگی۔